پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ میری بہن بختاور کی شادی طویل عرصے بعد آنے والی خوشیوں کا لمحہ ہے۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے محمود چوہدری کے ساتھ اپنی بہن بختاور بھٹو کے نکاح کے بندھن میں بندھنے کے بعد نو بیاہتا جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے ایسا لگا کہ خوشیوں کے اس لمحے میں میری والدہ ہمیں دیکھ رہی ہیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ میری جانب سے دونوں کو ایک ساتھ نئی زندگی کی شروعات کی مبارک باد قبول ہو۔
سابق وزیراعظم شہید محترمہ بےنظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری کا نکاح ہوگیا ہے۔
محمود چوہدری کے ساتھ ان کے نکاح کی تقریب بلاول ہاؤس کراچی میں ہوئی۔ تقریب میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد شریک ہوئے۔
بلاول ہاؤس میں خوشیوں کے شادیانے بج رہے ہیں، 24 جنوری سے بلاول ہاؤس میں محفل میلاد کے ساتھ شادی کی تقریبات کا آغاز ہوچکا ہے۔
بختاور بھٹو زرداری اور محمود چودھری نےاہل خانہ کے ساتھ تصاویر بنوائیں، تقریب میں صنم بھٹو، فریال تالپر، ڈاکٹر عاصم حسین اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
Comments are closed.