وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیرِ داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ شوگر ملز معاملے میں درج ایف آئی آر میں اب تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی، ایف آئی اے نے کسی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش نہیں کی، میری اطلاع کے مطابق جہانگیرترین کا نام ای سی ایل میں نہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شہزاد اکبر نے کہا کہ شوگر ملز کے معاملے میں لوگوں کو طلب کیا جارہا ہے، شوگر ملز اسکینڈل، 18 شوگرملز کے خلاف تحقیقات ہورہی ہے۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ لوگوں کی شکایت ہوتی ہے کہ ہم حکومتی پارٹی کے ہیں ہمیں ایف آئی اے نے بلایا ہے، اگر کسی کے اکاؤنٹس منجمند ہوئے ہیں تو وہ عدالت کے ذریعے ہوئے ہوں گے۔
مشیر داخلہ و احتساب نے کہا کہ چینی کا مسئلہ جہانگیر ترین کا پیدا کردہ نہیں، جن 18 شوگر ملز کے خلاف تحقیقات ہورہی ہے ان میں جہانگیر ترین کی ایک مل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوگر کمیشن رپورٹ میں پیش کی گئی سفارشات کو مدنظر رکھ کر قانون بنایا گیا۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ چینی سٹہ گروہ کے 16 وٹس ایپ گروپ پکڑے گئے، 40 سٹے باز ہیں جو پورے صوبے میں چینی کی قیمت طے کرتے ہیں۔
مشیر داخلہ و احتساب نے کہا کہ 394 اکاؤنٹس سامنے آئے ہیں جن میں 36 کروڑ روپے منجمند کیے گئے، سٹے پر کمایا گیا پیسا بے نامی اکاؤنٹس میں جمع کیا گیا۔
Comments are closed.