
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما عاجز دھامرا کا کہنا ہے کہ میاں صاحب سندھ کے عوام کسی کا قبضہ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
پی پی پی رہنما عاجز دھامرا نے شہلا رضا کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبے کے ترقیاتی کاموں پر بات کی اور کہا کہ ہم تھر کی بجلی فیصل آباد بھیج رہے ہیں لیکن سندھ کی معیشت کو تباہ کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کوئی کام نہیں کر رہی، آج کسانوں اور کاشتکاروں کو کھاد نہیں مل رہی، سندھ کی معیشت کو تباہی کے کنارے پر کھڑا کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے جس نے الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا، الیکشن مہم سے متعلق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو متحرک کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ آصف زرداری نے گورنر ہاؤس خیبر پختون خوا میں بزنس کمیونٹی سے ملاقات کی۔
عاجز دھامرا کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری ملک کو سیاسی بحران سے نکالنا چاہتے ہیں، پورے پاکستان کو سندھ بنانا چاہتے ہیں لیکن ہم پر اس بات کو لے کر تنقید کی جا رہی ہے، پلیجو صاحب پیپلز پارٹی پر تنقید کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سے ترقیاتی کاموں سے متعلق مقابلہ کرنا ہے تو کریں، موقع دیا جائے تو پیپلز پارٹی دوسرے صوبوں کو ثابت کرے گی کہ سندھ نے کتنی ترقی کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام کوٹ ایئر پورٹ کو سندھ نے اپنے اخراجات سے بنایا ہے، اسلام کوٹ میں فری بجلی فراہم کی جاتی ہے، ہم تھر کی بجلی فیصل آباد بھیج رہے ہیں۔
وہ سیاسی پارٹیاں جنہوں نے اناڑی ڈرائیور بٹھایا ہوا ہے اپنی خیر منائیں، ہم پر ناکام حملے کرتے کرتے اپنی وکٹیں گراتے جا رہے ہیں، یہ ہر دور میں ہمارے خلاف اتحاد بنتے رہے ہیں، تمام پارٹیوں کے پاس اتحاد کرنے کے باوجود پولنگ ایجنٹ تک نہیں ہو گا۔
رہنما پی پی پی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے کام میں سست ہوتا ہے تو لوگ درخواستیں لے کر عدالت جاتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو جو ہدایت دی ہے اس پر عمل ہو گا اور الیکشن کمیشن پولنگ ڈے تک قوم کے اعتماد پر پورا اترے گا۔
Comments are closed.