جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

برسلز: سفارتخانہ پاکستان میں پاکستانی مسیحی کمیونٹی کیلئے کرسمس تقریب

سفارت خانہ پاکستان برسلز کی جانب سے بیلجیئم میں مقیم پاکستانی مسیحی کمیونٹی کیلئے کرسمس تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مسیحی کمیونٹی کے مرد و خواتین اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستانی سفیر آمنہ بلوچ نے کمیونٹی ارکان کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں کرسمس اور نئے سال کیلئے مبارکباد پیش کی۔ 

انہوں نے کہا کہ سفارت خانے میں اس تقریب کا انعقاد اس بات کا پیغام ہے کہ ریاست پاکستان کے تحت اس کے تمام شہری یکساں حقوق کے حامل ہیں۔

سفیر پاکستان نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آج کی تقریب میں اتنی بڑی تعداد میں خواتین اور بچے شریک ہوئے ہیں جو انتہائی خوش کن ہے۔

انہوں نے شرکائے تقریب کو اپنی اور سفارت خانے کے تمام عملے کی جانب سے کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔

تقریب میں شریک پاکستانی مسیحی کمیونٹی کے ارکان نے پاسٹر ارشد کھوکھر اور پاسٹر اشرف جان کی قیادت میں مذہبی گیت گائے اور اپنی دیگر مذہبی رسومات ادا کیں۔

جبکہ پاسٹر سلیم انجم نے پاکستان کے تحفظ اور خوشحالی کیلئے ایک طویل دعا کروائی۔

علاوہ ازیں تقریب میں شریک کمیونٹی رہنماؤں، لطیف بھٹی، کینتھ رائے اور مسٹر غوری سمیت دیگر نے سفیر پاکستان کو کمیونٹی کی جانب سے گلدستے پیش کیے اور اس تقریب کے سفارت خانے میں پہلی مرتبہ انعقاد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں شرکائے تقریب کی پاکستان کے روایتی کھانوں سے تواضع کی گئی۔

تقریب میں پاکستان کے سفارتی عملے کے تمام ارکان بھی تقریب کے شرکاء کو خوش آمدید کہنے کیلئے مسلسل موجود رہے اور کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی تواضع کا بھرپور خیال رکھا۔

آخر میں سفیر پاکستان نے تقریب میں شریک بچوں کے ساتھ ملکر کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.