نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جناح ہاؤس کے ساتھ میانوالی ایئربیس پر حملے کا خطرناک منصوبہ بنایا گیا تھا، میانوالی میں حملہ آور بھوسے سے بھری ٹرالیوں میں اسلحہ لے کر آئے تھے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حملہ آور میانوالی ایئربیس پر قیمتی طیارہ جلانا چاہتے تھے، وہاں پولیس کے جوان زخمی حالت میں بھی حملہ آوروں سے لڑتے رہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پہلے سے طے شدہ تھا کس کو کہاں جانا ہے، 8 مارچ کو زمان پارک میں پولیس پر حملہ کرنے والوں نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کیا۔
انہوں نے کہا کہ عسکری تنصیبات پر حملہ کرنے میں ملوث 11 خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، پورے پنجاب سے 32 خواتین کو گرفتار کیا جبکہ 21 کو رہا کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 500 خواتین 9 مئی کے واقعات میں مطلوب تھیں لیکن ہم نے گرفتاری سے گریز کیا۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں خواتین کو جیل مینوئل کے مطابق رکھا گیا ہے۔ 2، 2 سال پرانی ویڈیوز دکھا کر بےبنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ واضح ہدایات دی ہیں کہ کسی بےگناہ کو نہیں پکڑنا۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی صورتحال میں بہتری سے متعلق جلد اچھی خبریں آئیں گی، نگراں حکومت 4 ماہ کا بجٹ پیش کرے گی۔
Comments are closed.