مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگ مشکلات کا شکار ہیں، متوسط طبقے کا بھی گزارا مشکل سے ہو رہا ہے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ آج ڈالر 172 سے اوپر چلا گیا ہے، یہ حکومت کی ناکامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دہشت گردوں کے ساتھ پاکستان کو ملا کر سزا دینے کی بات کر رہے ہیں، یہ ملک کس صورتِ حال سے دوچار ہو گیا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جو ٹولہ اس ملک پر مسلط ہے اسے تو سزا نہیں ملے گی، یہ سزا کسے ملے گی؟ سزا اس قوم کو اور پاکستان کو ملے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ان لوگوں نے ملک کا جو بیڑا غرق کیا ہے، ان کی خارجہ پالیسی کہاں پر ہے؟ پارٹی کو گراس روٹ لیول تک منظم کرنا ہے۔
نون لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ کنونشنز میں ضلعی اور صوبائی عہدے داروں نے شرکت کی، ٹائم لائن دی ہے کہ پارٹی کو کس طرح منظم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 15 ستمبر سے 30 ستمبر تک ڈویژنز کے اجلاس مکمل کرنے تھے، لاہور کا سٹی ڈویژن اور اسلام آباد کو اس سے علیحدہ رکھا تھا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے بتایا کہ آنے والے ایک دو ہفتوں میں اسلام آباد اور لاہور سٹی ڈویژن کی اسی طرح میٹنگ ہو گی اور پارٹی کو گراس روٹ لیول تک منظم کرنے کا کام شروع ہو جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ سڑکیں جنہوں نے بنائیں وہ بتائیں گے کہ کہاں کہاں کرپشن ہوئی، نون لیگ دور میں موٹر ویز، ہائی ویز کا زیادہ تر کام ایف ڈبلیو او اور چینی کمپنی نے کیا ہے۔
رہنما نون لیگ نے کہا کہ اس طرح کی غلطی انہوں نے پہلے بھی کی تھی اور پھر ناک رگڑنی پڑی، حکومت کے منسٹرز بعض اوقات ہمارے پاس بیٹھ کر سر پیٹتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا میرے ساتھ رابطہ ہے، ان سبھی کا تعلق پنجاب سے ہے، ہم تو اپنی پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے اپنا کام کر رہے ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ ریلیاں، جلسے اور لانگ مارچ کرنا ہے تو اس کے لیے تو مسلم لیگ نون تیار ہے، ریلیوں، جلسوں، لانگ مارچ کا فیصلہ پی ڈی ایم کی قیادت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں تو نہیں سمجھتا کہ جادو ٹونے سے حکومتیں بن سکتی ہیں، اللّٰہ تعالیٰ کی ذات ہے وہی عزت دیتی ہے، وہی ذلت دیتی ہے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما نے کہا کہ کسی انسان کے پاس یہ رتبہ نہیں ہو سکتا، مہنگائی قابو میں نہیں آ رہی، آگے سے آگے بڑھتی جا رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 5 روپے پیٹرول کی قیمت بڑھائی اس سے مہنگائی بڑھی، لوگ اس وقت بہت مشکلات کا شکار ہیں۔
Comments are closed.