چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی میں آج تیز سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، ساتھ ہی پیشگوئی بھی کی کہ ملک میں اس سال مون سون بارشوں کا آغاز معمول سے قبل ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ جون کے آخری ہفتے میں ملک میں مون سون بارشوں کا آغاز ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں جنوب مغرب سے 27 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ان کی رفتار 45 کلومیٹر فی گھنٹہ بھی ہوسکتی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے پیشگوئی کی کہ کراچی کا موسم آئندہ دنوں میں گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 29 مئی کو کراچی میں گرمی کی شدت زیادہ ہوسکتی ہے اور درجہ حرارت 37 یا 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، تاہم جون کے ابتدائی 8 سے 10 دنوں میں کراچی میں گرمی کی شدید لہر کا امکان نہیں ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے مزید کہا کہ بالائی سندھ کل سے گرمی کی لہر کی لپیٹ میں آسکتا ہے، دادو، سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ میں درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہوسکتا ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ آئندہ ہفتے میں سندھ کے مختلف علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہ سکتے ہیں جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں بھی آئندہ دنوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں رواں سال مون سون بارشوں کا آغاز معمول سے قبل ہوسکتا ہے۔
Comments are closed.