بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

منگھوپیر روڈ، مسلح حملے میں دینی مدرسے کا معلّم زخمی

کراچی سینٹرل کے علاقے ناظم آباد میں واقع دینی مدرسے کا معلم منگھوپیر روڈ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون کراچی عاصم قائم خانی کے مطابق چالیس سالہ مفتی سلیم اللّٰہ خان کو منگھوپیر روڈ پر کار میں جاتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، زخمی مفتی سلیم اللّٰہ کو بعد ازاں ضیاء الدین اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کے مطابق سلیم اللّٰہ خان ناظم آباد میں مسجد خیر العمل کے قریب مدرسے کے معلم ہیں وہ آج صبح کار میں اہلیہ، بچوں اور دو سالیوں کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن جا رہے تھے کہ منگھوپیر روڈ پر موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں اُنہیں کمر اور پیٹ پر دو گولیاں لگیں ہیں۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون عاصم قائم خانی کے مطابق واقعہ بظاہر ٹارگٹڈ لگتا ہے، واقعہ سے متعلق پولیس کی جانب سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

ڈی آئی جی ویسٹ زون عاصم قائم خانی کے مطابق واضح نہیں ہوا کہ ذاتی دشمنی کی بنیاد پر مفتی سلیم اللّٰہ کو نشانہ بنایا گیا یا واردات کسی اور وجہ کا شاخسانہ ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.