نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر کے تعلیمی ادارے 16 ستمبر سے کھولنے، مارکیٹس رات 10 بجے تک کھلی رکھنے، رات 12 بجے تک ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ جاری رکھنے اور ان ڈور آؤٹ ڈور تقریبات کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرِ صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کے تعلیمی ادارے 16 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔
این سی او سی کے مطابق تعلیمی ادارے 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولے جائیں گے جبکہ متبادل دن کلاسز ہوں گی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ مزید فیصلے صورتحال کے پیش نظر روزانہ کی بنیاد پر جائزہ اجلاس میں کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا کی زیادہ شرح والے اضلاع میں صورتحال کا دوبارہ جائزہ 21 ستمبر کو لیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ کورونا پھیلاؤ والے اضلاع پنجاب میں 5 ہیں، جبکہ خیبر پختونخوا میں ضلع بنوں ہے۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں نافذ شدہ این پی آئیز کا جائزہ 28 ستمبر کو لیا جائے گا، ماسوائے کورونا پھیلاؤ والے اضلاع ملک بھر میں مارکیٹس رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی، جبکہ رات 12 بجے تک ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔
اسی طرح کورونا پھیلاؤ والے اضلاع میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند ہوگی۔
این سی او سی نوٹیفکیشن کے مطابق ویکسینیٹڈ افراد کے ساتھ 200 افراد کی ان ڈور تقریب کی اجازت ہوگی، آؤٹ ڈور تقریبات میں 400 افراد کی اجازت ہوگی۔
اسی طرح بتایا گیا کہ دفاتر میں مکمل حاضری اور نارمل اوقات کار نافذ ہوں گے، سیمنار گھر بند رہیں گے۔
کھیلوں میں کراٹے، باکسنگ، کبڈی، واٹر اسپورٹس پر پابندی برقرار رہے گی، ویکسینیٹڈ افراد کے لیے 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ جمز کھلے رہیں گے۔
ٹرینیں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلیں گی، بیرون ممالک سے پاکستان آنے والوں کے لیے سفری پالیسی برقرار رہے گی۔
این سی اوسی کے مطابق ہفتے میں دو دن کلوز ڈے منایا جائے گا، ان دنوں میں ان ڈور ڈائننگ پر پابندی برقرار رہے گی جبکہ آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک اجازت ہوگی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ کورونا پھیلاؤ والے اضلاع میں ان ڈور تقریبات پر پابندی برقرار رہے گی۔
این سی او سی کے مطابق لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گجرات اور بنوں میں پابندیاں برقرار رہیں گی۔
Comments are closed.