بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ملکہ الزبتھ دوم اور ملکہ وکٹوریہ کی آخری رسومات میں کیا چیز مشترکہ ہے؟

ملکہ کی آخری رسومات برطانوی تاریخ کی سب سے یادگار تقریب ہوگی جس کے لیے ان کے تابوت کو اُسی گن کیریج (توپ گاڑی) پر لے جایا جائے گا جو ان کی پردادی ملکہ وکٹوریہ کی آخری رسومات کے لیے استعمال ہوا تھا۔

ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات آج لندن کے ویسٹ منسٹر ایبی میں ادا کی جائیں گی۔ یہ برطانوی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا۔

اس توپ گاڑی کو 142 بحری سپاہی ویسٹ منسٹر ایبی ہال سے کھینچتے ہوئے ونڈسر کیسل لے جائیں گے۔

جلوس میں 200 برطانوی اور شاہی فضائیہ کے موسیقار شامل ہوں گے جن کی قیادت اسکاٹش اور آئرش فوجی دستہ کرے گا۔ جلوس میں تابوت کے پیچھے بادشاہ چارلس سوم اور شاہی خاندان کے دیگر ارکان موجود ہوں گے۔

جلوس پارلیمنٹ اسکوائر سے گزرے گا، جہاں مختلف مقامات پر شاہی افواج حفاظت کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ بحری ، بری اور فضائی افواج جلوس کو گارڈ آف آنر پیش کریں گے۔

ویسٹ منسٹر اینی میں آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد ملکہ کا تابوت شاہی گاڑی میں ونڈسر کیسل لایا جائے گا جہاں ملکہ کو ان کے شوہر شہزادہ فلپ ، والدین اور بہن کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

جنازے کی تقریب کو برطانیہ بھر میں تقریباً 125 سینما گھروں میں براہ راست دکھایا جائے گا جبکہ عوام کی سہولت کے لیے پارکس، چوکوں اور کیتھیڈرلز میں بھی اسکرین نصب کی جائیں گی۔ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں اربوں افراد دیکھ سکیں گے۔

ملکہ برطانیہ کی تدفین کے ساتھ آج 11 روزہ سوگ اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ جبکہ شاہی خاندان مزید ایک ماہ سوگ منائیں گے۔

برطانوی شاہی خاندان کے سوگ میں شرکت کے لیے عالمی رہنما، ان کی سیاسی اشرافیہ اور فوجی، عدلیہ اور فلاحی تنظیموں کے ارکان سرکاری جنازے میں شامل ہوں گے۔

یورپی یونین، فرانس، جاپان، پاکستان، بھارت سمیت کئی دیگر ممالک کے رہنما ملکہ کے جنازے میں شرکت کریں گے جبکہ روس، افغانستان، میانمار، شام اور شمالی کوریا کے سربراہان کو مدعو نہیں کیا گیا۔

اس کے علاوہ برطانیہ سمیت دنیا بھر سے لاکھوں سوگواروں کی شرکت متوقع ہر جن کی حفاظت برطانوی پولیس کے لیے ایک غیر معمولی چیلنج ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی مدد کے لیے ملک بھر سے 2 ہزار پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری طلب کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملکہ الزبتھ دوم کا دور حکمرانی 70 برس اور 214 دنوں پر مشتمل ہے، یہ پہلی برطانوی ملکہ تھیں جنہوں نے پلاٹینم جوبلی منائی۔ ان کا انتقال 96 برس کی عمر میں ہوا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.