ملک میں کرونا وائرس کی تیسری لہرشدت اختیارکرگئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ کورونا مریض جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں انتقال کر گئے۔
ملتان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نشتر اسپتال میں کورونا وائرس کے 8 مریض انتقال کر گئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گوجرانوالہ میں 7، فیصل آباد، سرگودھا اور سوات میں چار، چار، بہاول پور میں 2 منڈی بہاؤالدین میں ایک کورونا وائرس کا مریض جان کی بازی ہار گیا۔
ادھر سرگودھا کے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال میں مریضوں کی مزید گنجائش ختم ہو گئی ہے، ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال سرگودھا میں کورونا کے 51 مریضوں کی گنجائش ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال سرگودھا کی پرانی بلڈنگ کی صفائی کی جا رہی ہے، مزید مریض آئندہ ایک دو روز بعد وہاں منتقل کیئے جائیں گے۔
سوات کے سیدو شریف اسپتال میں کورونا نے مزید 4 مریضوں کی جان لے لی۔
بہاول پور میں 2 مریض نواب سر صادق عباسی اسپتال میں انتقال کر گئے۔
ملتان میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 10 کاروباری مراکز سیل کر کے 5 دکان داروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
فیصل آباد میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 6 دکانیں اور ایک نجی اسکول کو سیل کر دیا گیا۔
حیدر آباد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد مثبت کیسز کی شرح 19 فیصد ہو گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 857 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 98 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، 3 ہزار 986 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 10 فیصد سے زائد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار 698 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 78 ہزار 238 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 57 ہزار 591 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 13 لاکھ 77 ہزار 423 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 84 ہزار 935 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 593 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 76 ہزار 605 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
Comments are closed.