سعودی عرب کے سابق انٹیلیجنس چیف شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا ہے کہ مغربی دنیا نے عجیب دہری پالیسیاں اپنائی ہوئی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پوری مغربی دنیا نے روس کے خلاف تمام تر پابندیاں عائد کیں، لیکن 50 برسوں میں اسرائیل پر مغرب نے ایک پابندی تک نہیں لگائی۔
پیرس میں فرانسیسی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شہزادہ ترکی الفیصل نے مغربی ممالک کی اس دہری پالیسیوں پر کڑی نکتہ چینی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کےلیے سعودی عرب نے واضح شرائط رکھی ہیں۔ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا قیام خود مختار فلسطینی ریاست سے مشروط ہے۔ فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی ہو۔
شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا یہ شرائط مرحوم شاہ عبداللّٰہ بن عبدالعزیز کے پیش کردہ امن منصوبے کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا میڈیا میں سعودی اسرائیل تعلقات کے قیام پر شائع رپورٹس صرف صحافتی باتیں ہیں۔
Comments are closed.