متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ مردم شماری کے معاملے پر وزیراعظم سے کئی ملاقاتیں ہوئیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم نے مردم شماری کی تاریخ میں توسیع کرائی، وفاقی حکومت نے ہمیشہ ہماری بات سنی ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزیراعظم نے ہماری بات سنی اور اس پر ایکشن بھی لیا گیا، وفاقی حکومت کی 32 ٹیمیں کراچی آئیں اور جائزہ لیا تو ہماری شکایات درست ثابت ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ چند ماہ پہلے مردم شماری کا تمام پراسس مکمل ہوچکا، کراچی میں پچھلی مردم شماری میں بھی بہت زیادتی ہوئی، آصف زرداری نے ایوان میں کہا تھا کہ کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے کم نہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ مردم شماری کے نتائج کے مطابق کراچی کی آبادی 11فیصد کے لحاظ سے بڑھ رہی ہے، ملک بھر سے لوگ کراچی آ رہے ہیں اور آبادی صرف 11 فیصد بڑھ رہی ہے، شہر میں 800 ایسے بلاکس ہیں جنہیں گنا ہی نہیں گیا۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ماتحت اداروں کی وجہ سے صورتحال یہاں تک پہنچی ہے، کراچی میں 16 ہزار بلاکس ہیں، تمام کے رزلٹ جمع ہوگئے، پرویژنل نتائج کا اعلان ہونا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں انتخابات کی تاریخ بڑھانے کی بات نہیں کر رہا، الیکشن کمیشن نے رٹ لگا رکھی ہے کہ حلقہ بندیوں کے لیے 4 ماہ درکار ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی افرادی قوت بڑھائے اور دن رات کام کرے، ہم الیکشن رکوانے کے لیے کہیں نہیں جائیں گے، ہم نے الیکشن کی ساری تیاری کر رکھی۔
Comments are closed.