حیدر آباد کے تھانہ قاسم آباد میں مختارِ کار ماجد خاصخیلی کے گھر سے ملازم کی لاش ملنے کے واقعے سے متعلق 1 اور ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
قاسم آباد پولیس کے مطابق 17 معلوم اور 35 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ ایس ایچ اوکی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
قاسم آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ایف آئی آر میں اقدامِ قتل، کارِ سرکار میں مداخلت اور مسلح ہنگامہ آرائی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق ملازم کی لاش کے فارنزک کے وقت نامعلوم افراد نے حملہ کیا تھا، ملزمان کو گرفتار کر کے کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مختارِ کار ماجد خاصخیلی کے گھر سے ملازم عثمان کی لاش برآمد ہوئی تھی۔
لاش برآمد ہونے کے بعد مشتعل افراد نے مختارِ کار کے گھر پر حملہ کر دیا تھا۔
فائرنگ اور ڈنڈوں سے حملوں کے نتیجے میں مختارِ کار ماجد خاصخیلی اور ان کے 2 بھائی اور علاقہ ایس ایچ او زخمی ہو گئے تھے۔
زخمی مختارِ کار کو تشویش ناک حالت میں کراچی کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
مشتعل افراد نے سڑک بلاک کر دی تھی اور ٹائر بھی جلائے تھے، بعد میں پولیس کے ساتھ مذاکرات کے بعد مشتعل افراد منتشر ہو گئے تھے۔
Comments are closed.