کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ محمد حسنین کے بولنگ ایکشن میں مجھے تو کوئی مسئلہ نظر نہیں آیا، وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ايل) ميں ميدان ميں ہو گا۔
آن لائن پریس کانفرنس میں سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا بولنگ کا شعبہ بہت مضبوط ہوگیا ہے، ہمارا بولنگ یونٹ اس سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ڈومیسٹک ایونٹ ہو کم بیک کرنا اولین ترجیح ہوتی ہے، آخری دو سیزن میں کوئٹہ کی کارکردگی زیادہ اچھی نہیں رہی، امید ہے جو کھلاڑی ٹیم کا حصہ ہیں وہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم کے کھلاڑی جتنی جلدی اسکواڈ کو جوائن کریں گے تو اچھی حکمت عملی بنائیں گے، جيمز فاکنر کا کورونا منفی آگیا ہے، وہ پی ایس ایل کھیلیں گے جبکہ ليوک ووڈ آئسوليشن مکمل ہونے کے بعد پاکستان آئیں گے۔
قومی وکٹ کیپر کا کہنا ہے کہ سر ووین رچرڈ کا کوئٹہ گليڈی ايٹرز ميں بڑا اہم کردار رہا ہے، شاہد آفريدی کے ساتھ ہونے سے ہميں بہت فائدہ ملے گا، ميں اور معين خان ايک ہی پيج پر ہيں، کافی عرصے سے ايک ساتھ ہيں۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ لاہور میں آئی سی سی کی منظور شدہ بائیومکینک لیب میں کیا گیا جس کی رپورٹ 14 روز میں ملے گی۔
آسٹریلین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سڈنی تھنڈرز کی جانب سے سڈنی سکسرز کے خلاف کھیلتے ہوئے محمد حسنین کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا۔
Comments are closed.