بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں اپنے اور ساتھی کھلاڑیوں کے آن فیلڈ رویے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہیں تنازع کھڑا کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں اور گراؤنڈ کے باہر موجود لوگ صحیح تفصیلات نہیں جانتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے بعد کی پریزنٹیشن تقریب کے دوران کہا کہ ’میرے پاس اس پر کوئی تبصرہ نہیں ہے، ہم سمجھ گئے کہ میدان میں کیا ہوا اور باہر کے لوگوں کو قطعی طور پر نہیں معلوم کہ میدان میں کیا ہوتا ہے۔‘
ویرات کوہلی نے کہا کہ ’اگر ہم چارج کر لیتے اور وہاں تین وکٹیں لیتے تو میچ ہمارے نام ہوتا۔‘
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ٹیم اس واقعے سے آگے بڑھ گئی ہے اور اب ہمارا اس معاملے کو مزید گھسیٹنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘
کوہلی نے مزید کہا کہ ’حقیقت یہ ہے کہ ہم نے ٹیسٹ میچ کے دوران مخالف ٹیم پر کافی دباؤ نہیں ڈالا تھا اور اسی وجہ سے کھیل ہار گئے۔‘
بھارتی کپتان نے اپنے آن فیلڈ رویے کے حوالے سے کہا کہ ’مجھے اس کا تنازع کھڑا کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، وہ صرف ایک لمحہ تھا جو گزر گیا اور ہم اس سے آگے بڑھ گئے ہیں۔‘
واضح رہے کہ بھارت اور جنوبی افریقا کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کی ممکنہ شکست سے بھارتی کرکٹرز آن فیلڈ آپے سے باہر ہوگئے تھے۔
بھارتی ٹیم پر شکست کے بادل منڈلانے لگے تو بھارتی کپتان اور کھلاڑیوں نے اپنا غصہ ڈی آر ایس پر نکال دیا تھا۔
اننگز کے 21ویں اوور میں فیلڈ ایمپائر نے جنوبی افریقا کے کپتان ڈین ایلگر کو روی چندرا ایشون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا تھا، جنوبی افریقا کے کپتان نے اس فیصلے پر ریویو لیا تو ریویو میں فیصلہ واپس ہوگیا کیونکہ گیند سٹیمپ کے اوپر سے گزررہی تھی۔
بھارتی کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں ہی سیریز کے آفیشل براڈ کاسٹر پر الزامات کی بوچھاڑ کردی تھی۔
Comments are closed.