انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نوجوان اسپنر ریحان احمد نے کہا ہے کہ مجھے ابھی کسی بھی اسپنر سے ملانا ناانصافی ہوگی۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ کی جانب سے کراچی ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد کا کہنا تھا کہ شین وارن اور مشتاق احمد پسندیدہ لیگ اسپنرز ہیں۔
ریحان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ ان دونوں کی طرح کا اسپنر بن سکوں، ابھی تو آج کے موقع کی خوشی ہی منارہا ہوں، سوچا نہیں کہ مستقبل میں کیا کیا اہداف رکھنے ہیں۔
انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ کوشش اور خواہش یہی ہے کہ ایک اچھا کیریئر بناؤں، خوش قسمت ہوں کہ کم عمر میں ہی کرکٹ میں موقع مل گیا، بچپن میں والد کے ساتھ میچز دیکھنے جاتا تھا جہاں اس کھیل سے لگاؤ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد کے ساتھ کوچ اینڈرو جیک مین نے مجھے بہت متاثر کیا، والد اور کوچ کی کوششوں سے مجھے اس کھیل سے محبت ہوئی۔
ریحان احمد نے پاکستان ٹیم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کے بہترین لیگ اسپنر ہیں، اس وقت جتنے لیگ اسپنرز کھیل رہے ہیں وہ بہت زبردست ہیں۔
ریحان احمد کا کہنا تھا کہ مجھے ابھی کسی بھی اسپنر سے ملانا ناانصافی ہوگی، امید ہے کہ میں مستقبل میں ایسا حاصل کروں کہ ان کے برابر سمجھا جاسکوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے آج صبح تک یقین نہیں تھا کہ میرا ڈیبیو ہو رہا ہے، آج پچ پر آیا تو احساس ہوا کہ واقعی میں کھیل رہا ہوں۔
ریحان احمد کا کہنا تھا کہ آج کا دن میری زندگی کا سب سے بہترین دن ہے، ٹیسٹ کیپ ملنے کے بعد والد کا گلے لگانا کافی اسپیشل موقع لمحہ تھا۔
Comments are closed.