ماسکو شطرنج اوپن کے دوران روبوٹ نے 7 سالہ حریف بچے کی انگلی توڑ دی۔
ماسکو شطرنج فیڈریشن کے صدر سرگئی لازاریف (Sergey Lazarev) نے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوتی ویڈیو کے حوالے میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے بچوں اور روبوٹس کے مابین مقابلوں کا انعقاد کروایا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو اسی مقابلے کے دوران پیش آنے والے واقعے کی ہے، جس میں ایک 7 سالہ بچے کا مقابلہ روبوٹ سے تھا۔
مقابلے کے دوران جب روبوٹ اپنی چال چلتے ہوئے ایک مہرہ اٹھا کر ساتھ ہی موجود ڈبے میں پھینکتا ہے۔
اس کے فوری بعد وہ بچہ بھی اپنی جوابی چال چلتے ہوئے اپنا مہرہ آگے بڑھاتا ہے تو روبوٹ کا ہاتھ بچے کی انگلی کو تھام لیتا ہے اور اسی پوزیشن میں ساکت ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں بچے کی انگلی ٹوٹ گئی۔
ماسکو شطرنج فیڈریشن کے صدر سرگئی لازاریف کا کہنا ہے کہ یہ یقیناً انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے، یہ روبوٹ مقابلے کے لیے ادھار لیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اس روبوٹ نے اس سے قبل کئی مقابلوں میں حصہ لیا، لیکن اس طرح کا کوئی واقعہ کبھی پیش نہیں آیا۔
سرگئی لازاریف نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد دوسرے بچوں کو بھی اس سے خطرہ ہوسکتا ہے اسی کے پیشِ نظر ہم نے اس روبوٹ کو واپس بھجوا دیا ہے۔
انہوں نے بچے کی حالت کے حوالے سے بتایا کہ بچہ اب خطرے سے باہر ہے، اس نے حادثے کے اگلے روز آ کر باقی مقابلوں میں حصہ لیا۔
ماسکو شطرنج فیڈریشن کے صدر سرگئی لازاریف نے متاثرہ بچے کی مدد کا بھی اعلان کیا ہے۔
Comments are closed.