ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی جنہوں نے کیریئر میں کئی کامیابیاں حاصل کیں، دنیا کے سب سے امیر فٹبالر بنے، سب سے زیادہ ایوارڈز جیتے، بارسلونا کو 35 میجر ٹائٹل جتوائے، لیکن کبھی نیشنل ٹیم ارجنٹینا کو ورلڈ کپ نہ جتوا سکے۔
میسی کی ٹیم ان کی موجودگی میں دوسری بار ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی، اگر وہ فرانس کو ہرانے میں کامیاب ہوئے تو ان کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب بھی پورا ہوسکتا ہے۔
فٹبال میں ارجنٹینا نے یوں تو کئی بڑے نام پیدا کیے جس میں ڈیاگو میراڈونا نمایاں ہیں، زیویور زینیٹی، گیبریل بٹسٹوٹا بھی ارجنٹینا کے نمایاں فٹبالر رہے لیکن لیونل میسی نے شہرت اور دولت کمانے کے اعتبار سے ان سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
رونالڈو اور میسی کی کہانی ایک دوسرے سے بہت قریب ہے کرسٹیانو رونالڈو کی طرح میسی بھی ایک غریب گھر میں پیدا ہوئے، ان کی والدہ فیکٹری میں ملازمت کرتی تھیں، لیونل میسی کے خاندان میں ان کے دو بھائی اور ایک بہن ہے۔ لیونل میسی کی اہلیہ کا نام انٹونیلا روکازو ہے، جس سے ان کی شادی 30 جون 2017 کو ہوئی تھی۔ ان کے اس وقت دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔
میسی نے کیریئر کے بیشتر حصے میں ایک اسپنش کلب بارسلونا کی نمائندگی کی، انہوں نے 2021 میں کلب کو خیر باد کہہ دیا۔
انہوں نے کلب کیلئے 35 ٹرافیاں جیتیں، میسی نے کلب اور ملک کیلئے 750 سے زیادہ کیریئر گول کیے ہیں، وہ 2011 اور 2012 میں دنیا کے 100 سب سے زیادہ با اثر افراد میں شامل رہے۔
لیونل میسی سب سے زیادہ7 بار ’بیلن ڈی اور‘ ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑی ہیں۔ پیسہ کمانے میں انہوں نے رونالڈو کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ان کے کل اثاثہ جات 620 ملین امریکی ڈالر سے زیادہ ہے جس کی وجہ سے وہ دنیا کے امیر ترین فٹبالر بن چکے ہیں۔
لیونل میسی نے صرف 5 سال کی عمر میں فٹ بال کھیلنا شروع کیا، انہوں نے صرف 9 سال کی عمر میں فٹ بال کے بہت سے ہنر سیکھ لیے تھے جس کی وجہ سے لیونل میسی اتنے بڑے کھلاڑی بن گئے۔
رونالڈو کی طرح میسی کے مالی معاملات 2013 میں مشتبہ ٹیکس چوری کے الزام میں زیر تفتیش آئے، پاناما پیپرز ڈیٹا لیکس میں میسی کا نام تھا۔
6 جولائی 2016 کو، میسی اور ان کے والد دونوں ٹیکس فراڈ کے مجرم پائے گئے اور انہیں بالترتیب 21 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔
بلاشبہ رونالڈو اور لیونل میسی گذشتہ دو دہائیوں کے بہترین فٹبالر ہیں، جن کا موازنہ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ہوتا رہے گا۔
رونالڈو کے پاس اب ورلڈ کپ جیتنے کا موقع نہیں لیکن ارجنٹینا کے میسی قطر ورلڈ کپ میں فرانس کو ہرا کر اپنا یہ خواب پورا کر سکتے ہیں۔
Comments are closed.