بدھ 19؍جمادی الاول 1444ھ 14؍دسمبر 2022ء

لیونل میسی نے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دے دیا

مشہور فٹبالر اور ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے ورلڈ کپ 2022ء کے فائنل میچ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اشارہ دے دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق سیمی فائنل میں کروشیا کو شکست دینے کے بعد ارجنٹینا کے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیونل میسی نے کہا کہ ورلڈ کپ فائنل میں اپنا آخری میچ کھیل کر اس سفر کو ختم کرنے پر خوش ہوں۔

ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے 35 سالہ لیونل میسی نے کہا کہ اس طرح کا اختتام بہترین ہے۔

لیونل میسی نے کہا کہ اگلے ورلڈ کپ میں بہت وقت ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ میں وہ کھیل سکوں گا۔

دوسری جانب کروشیا کے خلاف سیمی فائنل میں جیت کے بعد لیونل میسی نے ساتھی کھلاڑیوں پر زور دیا کہ اس موقع سے لطف اٹھائیں اور کہا کہ ارجنٹینا ایک مرتبہ پھر فائنل میں پہنچ گیا۔

لیونل میسی نے مزید کہا کہ ہم مشکل حالات سے گزرے ہیں۔

اس سے قبل ارجنٹینا کے کوچ نے امید ظاہر کی تھی لیونل میسی ورلڈ کپ کے بعد انٹرنیشنل میچز کھیلتے رہیں گے۔

ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے ورلڈکپ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا ریکارڈ برابر کردیا۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کے پہلے سیمی فائنل میں لیونل میسی کی ارجنٹینا کروشیا کو 3 صفر سے شکست دے کر چھٹی بار فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

میگا ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس کا مقابلہ مراکش سے کل رات 12 بجے ہوگا، جیتنے والی ٹیم اتوار کے روز فائنل میں ارجنٹینا سے مدمقابل ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.