قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کی کورونا سے جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے سچن ٹنڈولکر کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’لیجنڈ آپ کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں، اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’آپ کا اسپتال میں وقت مختصر رہے اور آپ کی صحتیابی کا عمل اس سے بھی تیز ہو۔‘
اس سے قبل وسیم اکرم نے کورونا کے باعث اسپتال میں زیرعلاج بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اسپتال میں 2011 کے کرکٹ ورلڈکپ کی سالگرہ کا جشن منائیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کا شکار بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر ڈاکٹروں کی ہدایت پر اسپتال میں داخل ہوگئے ہیں۔
سچن ٹنڈولکر نے سوشل میڈیا پر اسپتال میں داخل ہونےکا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ احتیاطی طور پر مجھے اسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
2013 میں دنیائے کرکٹ کو خیرباد کہنے والے 47 سالہ کرکٹر نے اپنے 24 سالہ طویل کرکٹ کیریئر میں 100 بین الاقوامی سنچریاں مکمل کر رکھی ہیں۔
Comments are closed.