سابق برازیلین فٹبالر پیلے کی آنت کی کامیاب سرجری ہوگئی جس کے بعد اُنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز برازیل کے سابق فٹبالر پیلے کی بڑی آنت کی سرجری کی گئی جوکہ کامیاب رہی اور اُس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز اُن کی نگرانی کررہے ہیں۔
اس حوالے سے ساؤ پالو کے البرٹو آئن اسٹائن اسپتال کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پیلے ہوش میں ہیں اور سب سے بات چیت کر رہے ہیں۔‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیلے اگست کے آخر میں معمول کے معائنے کے لیے اسپتال گئے تھے جہاں اُن کی آنت میں ٹیومر کی تشخیص ہوئی۔
اسپتال کے بیان میں بتایا گیا کہ ٹیومر کی شناخت معمول کے قلبی اور لیبارٹری امتحانات کے دوران کی گئی۔
واضح رہے کہ تین ورلڈ کپ جیتنے والے واحد مرد کھلاڑی پیلے کو 2012 میں ہپ کی تبدیلی کی ناکام سرجری کے بعد سے نقل و حرکت کے مسائل درپیش تھے۔ انہیں حالیہ برسوں میں گردوں کے مسائل کے لیے کئی اسپتالوں میں داخل کیا گیا۔
پیلے نے 1958، 1962 اور 1970 کے ورلڈ کپ جیتے اور برازیل کے 92 میچوں میں 77 گول کے ساتھ اب تک کے سب سے بڑے اسکورر رہے۔
Comments are closed.