وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ گوالمنڈی میں نہیں بلکہ پیدا ہی برطانیہ کے محلات میں ہوئے تھے۔
غازی بھروتھا میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں منڈی لگی ہوئی ہے، سیاستدانوں کو خریدنے کےلیے قیمتیں لگی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 30 سال سے ہورہا ہے، سب نہیں بکتے، لیکن کئی بک جاتے ہیں، ہم چاہتے ہیں پارٹی کے ٹکٹ پر آنے والا بتائے کسے ووٹ دے رہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایک وقت سب کہتے تھے اوپن بیلٹ ہونی چاہیے، آج خفیہ کہہ رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ احتجاج، فیٹف اور کورونا پر بلیک میل نہیں کرسکے، اب سینیٹ میں زیادہ سینیٹر لانا چاہتےہیں، کبھی جمہوریت میں بھی کوئی پیسے دے کر آتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی پی کے 6 ایم پی ایز پر 2 سینیٹر کیسے آئے، پیسہ چلا، ہم کہہ رہے ہیں اوپن بیلٹ، اپوزیشن مل کر کہہ رہی ووٹنگ خفیہ ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ قوم فیصلہ کن وقت پر کھڑی ہے، ایک طرف عوام، دوسری طرف ڈاکو اور مافیا، جیت پاکستان کی ہوگی۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ایسا لگتا ہے اسحاق ڈار کے والد کی سائیکل نہیں، رولز رائس کی دکان تھی، جن ڈاکوؤں نے اس ملک پر حکومت کی صرف پیسہ چوری نہیں کیا، اخلاقیات بھی تباہ کردی۔
اُن کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں فضا بنادی کہ کرپشن کوئی بری چیز نہیں، کوئی ایک مثال بتادیں ملک خوشحال ہو اور کرپشن بھی ہو، پٹواری، تھانیداروں، سرکاری نوکروں کی کرپشن سے ملک تباہ نہیں ہوتے۔ وزیراعظم اور وزیر کرپشن کرنا شروع کردیں تو ملک تباہ ہوتا ہے، چوری پہلا نقصان، پیسہ باہر بھیجنا اس سے بڑا نقصان ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی چوری شروع ہوجائے، بچوں کے لندن میں محلات ہوں تو ملک تباہ ہوتا ہے، ملک پر قرضے چڑھ جاتےہیں ، تب دوسرے ملکوں سے بھیک مانگنی پڑتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دوسروں سے قرض اور امداد مانگنے والے ملک کی دنیامیں عزت نہیں ہوتی، سب باہر بیٹھے ہیں، منشی، بچے اور داماد بھی باہر، شاہانہ زندگی گزار رہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج ٹیکنالوجی میں نوکری دینا سب سے آسان ہے، منصوبوں میں مقامی لوگوں کو نوکری میں کوٹہ دینا ہماری پالیسی ہے، جس علاقے سے بھی گیس اور تیل نکلے سب سے پہلا حق اس کا ہوتا ہے۔
Comments are closed.