’چوروں کو پڑ گئے مور،‘ یہ کہاوت تو سب نے سُن رکھی ہے مگر اسے ایک خاتون سے سچ ثابت کر دکھایا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہے جس میں برقع پہنے، راہ چلتی خاتون کو ڈاکوؤں سے لٹنے کے بجائے اُنہیں اُلٹے پاؤں بھاگنے پر مجبور کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس وائرل ویڈیو سے متعلق سوشل میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ شہرِ قائد کراچی کی ویڈیو ہے۔
ویڈیو کے مطابق سنسان گلی میں خاتون اپنی منزل کی طرف جا رہی ہیں، اس موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے موٹر بائیک پر سوار چور اِنہیں لوٹنے کی غرض سے پیچھے آتے ہیں اور خاتون کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون رُکتے ہی اپنے پرس سے پستول نکال کر ڈاکوؤں پر تان لیتی ہیں جس پر ڈاکو اُلٹے پاؤں بھاگ جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس ویڈیو کے کمنٹ باکس میں انٹرنیٹ صارفین خاتون کو اپنا دفاع کرنے پر اِن کی تعریف اور خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
Comments are closed.