اتوار 6؍رجب المرجب 1444ھ29؍جنوری 2023ء

لسبیلہ: مسافر کوچ کو حادثہ، 40 لاشیں نکال لی گئیں

بلوچستان کے علاقے بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ سے 40 لاشیں نکال لی گئیں۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلہ حمزہ انجم ندیم کے مطابق حادثے کی جگہ سے 4 زخمیوں کو بھی نکالا گیا ہے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حمزہ انجم ندیم نے کہا کہ زخمیوں کو فرسٹ ایڈ دے کر مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث کھائی میں گری جس کے بعد اس میں آگ لگی۔

حمزہ انجم ندیم کا کہنا ہے کہ متاثرہ کوچ سے نکالی گئی لاشیں ناقابلِ شناخت ہیں جن کا شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق حادثے کی جگہ پر ریسکیو کا عمل 1 گھنٹے میں مکمل کر لیا جائے گا۔

اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ مسافر کوچ میں 48 افراد سوار تھے جو کوئٹہ سے کراچی جا رہے تھے۔

چینکی اسٹاپ کے قریب مذکورہ مسافر کوچ کھائی میں گرنے کے بعد اس میں آگ لگ گئی تھی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر کوچ میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیلہ میں کوچ کے المناک حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سی قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدمہ ہوا ہے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ انتظامیہ ریسکیو آپریشن جاری رکھ کر زخمیوں کو فوری اسپتالوں میں پہنچائے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے جاں بحق مسافروں کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.