دلبر حسین کی ٹیم لاہور قلندرز پاکستان سپر لیگ میں دما دم مست قلندر کرنے کیلئے تیار ہے، وہ کہتے ہیں کہ ان کی ٹیم گزشتہ سیزن کی طرح بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرنے کی کوشش کریگی۔
لاہور قلندرز کی ٹیم آج سابق چیمپئن پشاور زلمی کیخلاف پاکستان سپر لیگ 2021ء میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
لاہور قلندرز کے دلبر حسین نے جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے، ٹیم میںکپتان سہیل اختر، محمد حفیظ، بین ڈنگ جیسے بہترین کھلاڑی موجود ہیں اور فاسٹ بولر حارث رؤف کے ساتھ ساتھ راشد خان کی شمولیت کے بعد بولنگ کا شعبہ مضبوط ہوچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، گزشتہ سال ٹیم نے بہت محنت کی تھی اور عمدہ پرفارمنس کی بدولت فائنل تک پہنچی تھی لیکن فیصلہ کن معرکے میں ٹیم کو کراچی کنگز کیخلاف شکست ہوئی۔
پنجاب کے ضلع فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ سے تعلق رکھنے والے دلبر حسین کو بچپن سے کرکٹ کھیلنےکا شوق تھا لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے کبھی ہارڈ بال کرکٹ نہیں کھیلی تھی کیونکہ اس میں پیسے نہیں ملتے تھے ، 2012 ء میں والد کے انتقال کے بعد گھر کی کفالت کی ذمہ داری بھی تھی، 2019 ء میں گھروالوں کے پر زور اصرار پر لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام میں ٹرائلز دیئے۔
ایک روز قبل27 ویں سالگرہ منانے والے فاسٹ بولر نے بتایا کہ میں ہمیشہ ٹیپ بال کرکٹ کھیلتا تھا، ہارڈ بال کرکٹ کھیلتا تو کسی کرکٹ کلب سے وابستہ ہوتا لیکن ٹرائلز میں ہارڈ بال سے 140کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کروائی تو عاقب بھائی میری بولنگ سے متاثر ہوئے، جب میری سلیکشن ہوئی تو میری خوشی کا کوئی ٹھکا نہ نہیں تھا، یہ میری زندگی کا بہترین لمحہ تھا۔
2020 ء پاکستان سپر لیگ سیزن فائیوکی ڈرافٹنگ ہوئی اور دلبر حسین کو لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اکثر لوگ کہتے ہیں کہ کرکٹ میں سفارش کی ضرورت ہوتی ہے، اس کے بعد ہی کسی ٹیم میں سلیکشن ہوتی ہے لیکن لاہورقلندرز کی انتظامیہ اور کوچ عاقب جاوید ہیرے کو تراشنا جانتے ہیں، لاہور قلندرز نے سہیل اختر، فخر زمان، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور کئی کھلاڑیوں کو متعارف کروایا۔ قلندزایک ایسی فرنچائز ہے جو پورے سال پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعےنئے ٹیلنٹ کو تلاش کرتی ہے، میں لاہور قلندرز کا مشکور ہوں جس نے میرے خواب پورے کئے۔
مستقبل کےبارے میں جب ان سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ میں حال میں جینا چاہتا ہوں کبھی مستقبل کے بارے میں نہیں سوچا اور نہ ہی کبھی سوچا تھا کہ لاہور قلندرز کی ٹیم کا حصہ بن جاؤں گا، اللہ تعالیٰ بہترین پلان کرنے والا ہے، قسمت میں لکھی ہوئی چیز مقررہ وقت پر مل جاتی ہے۔
کراچی کنگز کے بابر اعظم، دلبر حسین کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں ، وہ کہتے ہیںکہ گزشتہ سیزن میں بابر اعظم کو بولنگ کروا کر بہت خوشی ہوئی تھی۔
انہوں نے 2020ء جنوری میں بگ بیش لیگ سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا، انہوں نے 2020-2021 قائداعظم ٹرافی میں سوئی سدرن کی نمائندگی کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا، وہ اب تک 17میچز کھیل کر21 کھلاڑیوں کا شکار کرچکے ہیں۔
Comments are closed.