پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جھوٹے مقدمات چلانے کے لیے ملک کے اربوں روپے لٹادیے گئے۔
لاہور میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کوئی ایسا شخص موجود نہیں جو ووٹ کی حرمت اور آئین کی بالادستی پر یقین نہ رکھتا ہو، نواز شریف نے ووٹ کی عزت مانگی آج وہ سرخرو ہوئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ میڈیا اور الیکشن کمیشن بھی بول رہا ہے، یہ زبان ان کو میاں نواز شریف نے دی، 74 سال سے کسی کے پاس بیانیہ نہیں تھا، آج جب بیانیہ ملا تو جج بھی بول رہے ہیں اور میڈیا بھی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھی پریشان نہ ہوں آپ کا بیانیہ طول پکڑ رہا ہے، لوگ خدمت کو یاد کرتے ہیں تو انہیں مسلم لیگ ن یاد آتی ہے، کوڑے کے ڈھیر لگے دیکھ کر لوگوں کو شہباز شریف یاد آتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی کو امیدوار نہیں ملیں گے، ن لیگ پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، پی ٹی آئی کسی ایم این اے اور ایم پی اے کو توڑ نہیں سکی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان امریکا اس لیے نہیں گیا اس کو ملنے اور تسلیم کرنے کو کوئی تیار نہیں، یہ جو ایک پیج کی بات کرتے ہیں وہ بھی ناکام ہوا۔
مریم نواز نے کہا کہ کہاں ہیں وہ جو کہتے تھے نواز شریف ختم ہوگیا، آج بھی ان کے دن کا آغاز نواز شریف سے ہوتا ہے، پارٹی کے لوگ ملکی مفاد کے لیے کام کریں عزت اور کامیابی آپ کا مقدر ہوگی، شہباز شریف آج انٹر نیشنل صادق و امین بن گئے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ یہ پروپیگنڈہ ہمیشہ کیا گیا کہ سیاستدان کرپشن کرتے ہیں، مسلم لیگ ن کو بھی اسی پروپیگنڈے کا سامنا کرنا پڑا، یہ سرٹیفکیٹ مسلم لیگ ن کو نہیں سب سیاسی جماعتوں کو ملا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ میں واضح کہنا چاہتی ہوں یہ نہ پہلے مسلم لیگ ن کو توڑ سکے نہ اب توڑ سکیں گے۔
Comments are closed.