لاہور میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مال روڈ اور فیروز پور روڈ پر تھیٹر سیل کر دیئے گئے۔
دوسری جانب شہر میں کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دکانداروں سے جرمانے وصول کرنے والا جعلی مجسٹریٹ ساتھی سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کی جانب سے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں اب تک 2 لاکھ 40 ہزار 584 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 6 ہزار 793 ہو گئیں۔
دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 329 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 98 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 2 ہزار 610 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 10 اعشاریہ 69 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 124 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 5 ہزار 517 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 49 ہزار 816 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 5 لاکھ 84 ہزار 877 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 66 ہزار 994 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 942 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 23 ہزار 399 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
Comments are closed.