بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

لاہور، جعلی انٹری پر ایم ایس اور سینئر میڈیکل افسر معطل

سابق وزیراعظم نوازشریف کی جعلی ویکسینیشن انٹری پر لاہور کے کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم اور سینئر میڈیکل افسر ڈاکٹر منیر کی معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق معطل افسران کو محکمہ صحت میں فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، جبکہ جعلی انٹری میں ملوث اسپتال کےتین ملازمین کے خلاف مقدمات درج کرکے دو کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن انٹری پر ایف آئی اے اور پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر لیے۔

معطل کیے گئے دونوں افسران پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان کی موجودگی میں غلط ڈیٹا انٹری کی گئی، غلط ڈیٹا انٹری میں ملوث ملازمین کو ایف آئی اے کی ٹیموں کے آنے سے پہلے ہی فرار کروا دیا تھا۔

لاہور میں کورونا ویکسین کے جعلی سرٹیفکیٹس بنانے کا سلسلہ تھم نہ سکا، کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر کورونا ویکسین کی جعلی انٹری سامنے آگئی، نواز شریف کے نام پر دوسری ڈوز کا میسج بھی جاری ہوگیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے محکمہ صحت سے 48 گھنٹے میں رپورٹ طلب کر لی۔

دوسری جانب میاں منشی اسپتال کے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ کو کوٹ خواجہ سعید اسپتال کا اضافی چارج دے دیا گیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.