لاہور کے نواحی علاقے مانگا منڈی میں دو معصوم بچوں کو زندہ جلانے والی سنگدل ماں کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔
مانگا منڈی میں ملزمہ تنزیلہ بی بی نے اپنے دو معصوم بچوں کو آگ لگا کر قتل کرنے کا اعتراف کر لیا، ملزمہ کے خلاف مقتول بچوں کے دادا کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
سنگدل خاتون تنزیلہ نے اپنے ہی 2بیٹوں 3 سالہ فیضان اور 2 سالہ عبدالرحمٰن کو زندہ جلا دیا تھاجبکہ 5 سال کا خوش قسمت اذان بچ گیا اور اس نے ہولناک واقعے کے تمام مناظر پولیس کو بتا دیے۔
ملزمہ تنزیلہ نے جب دیکھا کہ اب حقیقت چھپ نہیں سکتی تو اس نے اعتراف جرم کرلیا، اپنے ویڈیو بیان میں ملزمہ نے الزام لگایا کہ سسرال والوں نے زندگی تنگ کر دی تھی، ماں باپ کے بعد بچوں کا کوئی وارث نہیں بنتا، اس لئے آگ لگائی۔
ملزمہ کی خالہ زاد بہن نے کمرے میں لگی آگ دیکھ کر اسے بچانے کی کوشش کی۔
ملزمہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس نے بچوں کو مارنے سے قبل کمرے میں سگریٹ بھی سلگایا، اس کی ساس نے اسے سگریٹ پینے پر لگایا تھا۔
ایف آئی آر میں ملزمہ کے سسر غلام رسول نے الزام لگایا ہے کہ اس کی بہو تنزیلہ کا اپنے شوہر سے لڑائی جھگڑا رہتا تھا، جس پر تنزیلہ نے گھر کو آگ لگائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ معصوم بچے اذان کا بیان حقائق سامنے لانے میں معاون ثابت ہوا ہے۔
Comments are closed.