وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلہ این سی او سی کی ہدایات پر کیا جائے گا۔
کراچی کی ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آصف رحمٰن سیمیولیشن لیب کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر میں حالات اس وقت قابو میں ہیں، اسپتالوں میں دباؤ میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں وینٹی لیٹر پر مریضوں کی تعداد بھی کم ہے۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ تعلیمی اداروں پر پابندیوں سے متعلق ہماری نظریں این سی او سی پر ہیں۔
اس سے قبل ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان کے ڈاکٹرز نے کورونا کے دوران قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں بہت سارے ڈاکٹرز بھی شہید ہوئے، ڈاکٹر آصف رحمٰن بھی ہمارے ہیرو ہیں، ڈاکٹروں نے دوسروں کو محفوظ کرنے کے لیے اپنی جان کے نذرانے دیئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سمیولیشن طریقے سے کلینیکل ماحول بنا کر مصنوعی مریض پر علاج کا طریقہ اختیار کیا جاتا ہے۔
سمیولیشنز میں ایجوکیشن، اسسمینٹ، ریسرچ اور ہیلتھ سسٹم سمیت مریض کی حفاظت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاؤ یونیورسٹی اور دیگر یونیورسٹیز کو ریسرچ پر خاص توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریسرچ کے شعبے میں آگے بڑھنا ہے۔
Comments are closed.