سندھ پولیس کے شعبۂ انسداد دہشت گردی کے عملے نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس اہلکار کے قتل کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے شعبہ انویسٹی گیشن میں ٹارگٹ کلنگ سیل کے عملے نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم شاہ میر علی ناگڑی کو گرفتار کیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں، جبکہ گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے اپنے دیگر ساتھیوں مزمل مشتاق، فیصل پرویز اور شیراز علی عرف سی جی کے ہمراہ 18 نومبر 2019 کو لانڈھی میں واردات کے دوران فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل حمزہ کو زخمی کر دیا تھا۔
ملزم نے بتایا کہ حمزہ کی جوابی فائرنگ پر وہ اپنی موٹرسائیکل اور پستول پھینک کر فرار ہوگئے تھے اور فرار کے دوران ایک اور موٹر سائیکل چھین کر لے گئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق زخمی اہلکار بعد ازاں اسپتال میں جاں بحق ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق اس واردات میں ملوث دیگر ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان کا یہ گروہ علاقے میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
Comments are closed.