جمعرات 4؍ربیع الاول 1445ھ21؍ستمبر 2023ء

لال حویلی کو سیل کیا جارہا ہے، وکیل شیخ رشید

سابق وفاقی وزیر کے وکیل سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ شیخ رشید کی رہائش گاہ کو خالی کرا کر سیل کیا جا رہا ہے۔

ایک بیان میں سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ نے کہا کہ شیخ رشید کی غیرقانونی گرفتاری کے بعد لال حویلی کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ لال حویلی کے خلاف آپریشن کے حوالے سے ہمیں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے شیخ صدیق کی درخواست پر ایوکیوٹرسٹ کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شیخ رشید احمد کے بھائی شیخ صدیق نے 1987 میں لال حویلی خریدی تھی، موجودہ انتقامی کارروائی کے دوران لال حویلی کے خلاف فیصلہ تیار کیا گیا۔

دوسری جانب متروکہ وقف املاک کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کا کہنا ہے کہ لال حویلی کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے، لال حویلی کا ڈی 158 یونٹ پوری لال حویلی کو ظاہر کرتا ہے۔

آصف خان کا کہنا ہے کہ شیخ رشید اور شیخ صدیق نے جو دستاویزات پیش کی ہیں وہ ناقابل قبول ہیں، لال حویلی کو خالی کرانے کا فیصلہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے جاری کیا۔

متروکہ وقف املاک نے راولپنڈی میں لال حویلی خالی کرانے کے لیے آپریشن شروع کر دیا۔

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے فیصلے کی روشنی میں لال حویلی کا آپریشن کیا گیا۔

واضح رہے کہ متروکہ وقف املاک نے راولپنڈی میں لال حویلی خالی کرانے کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے، ایف آئی اے اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے، 15 تھانوں کی موبائل گاڑیاں اور نفری ہائی الرٹ ہے۔

ڈنگی کھوئی چوک میں دم دما مندر کی اراضی بھی سیل کر دی، جس پر دکانداروں کی جانب سے مزاحمت کی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.