پیر 6؍شعبان المعظم 1444ھ27؍فروری 2023ء

قوم لمبے لمبے سانس لے لے، حکومت اس پر بھی ٹیکس لگائے گی، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرح پی ڈی ایم بھی بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ غریب کے لیے جینا مشکل ہو گیا ہے، بچوں کو کھلانا اور پڑھانا ناممکن ہو گیا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ قوم لمبے لمبے سانس لے لے، حکومت اس پر بھی ٹیکس لگائے گی۔ اب مرنا بھی مشکل ہو گیا ہے کیونکہ کفن پر بھی ٹیکس لگ رہا ہے۔ 

سراج الحق نے کہا حکومت مہنگائی کر رہی ہے اور ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا ہے۔ آپ کی جیبوں پر مزید 650 ارب کا ڈاکا ڈالا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کہتے تھے سکون قبر میں ہے یہ وزیراعظم کہتا ہے اپنے کپڑے بیچوں گا۔ صرف چہرے بدلے ہیں لیکن اشرافیہ ایک ہی ہے۔ جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا ہے۔ 

سراج الحق نے کہا کہ اب چھری ہے شہباز شریف کی اور گلا عوام کا ہے۔ 170 ارب صرف 4 ماہ کے لیے ہے، اس کے بعد مزید ٹیکس لگیں گے۔ جو عمران خان کہتا تھا وہی اب حکومت کہہ رہی ہے۔ 

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ الفاظ وہی ہیں اور بولنے والے بدل گئے ہیں۔ کہتے ہیں وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے پر عمل کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت کہتی ہے وہ سود کےخلاف ہے اور دوسری جانب شرح سود بڑھا دی ہے۔ 

سراج الحق نے کہا کہ آج بھی خیر پور کچے کے علاقے میں 46 لوگ یرغمال ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ ہے کہ مولانا ہدایات الرحمان کو رہا کیا جائے۔ مولانا ہدایت الرحمٰن پر قائم مقدمات ختم کیے جائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.