لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قومی قیادت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ بڑا خطرہ ہے، عمران خان کی حکومت ہر محاذ پر ناکام، ہرموڑ پر عوام کو دھوکہ اور نئے زخم لگائے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ ورکرز کنونشن ، تعزیتی ریفرنس اور عالمی مجلس عقیدہ ختم نبوت کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہرنائی بلوچستان میں زلزلہ سے متاثرین ، شہدا اور زخمیوں سے پوری قوم کو ہمدردی اور غم ہے، جماعت اسلامی اور الخدمت فانڈیشن اپنے بساط کے مطابق متاثرین کی مدد کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مولانا عبدالحق ہاشمی اور مولانا ہدایت الرحمن سے کوئٹہ فون پر حالات سے آگاہی اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا کہا ہے، ہرنائی بلوچستان کے عوام شدید متاثر ہیں جبکہ بلوچستان حکومت اپنے اندر زلزلوں، بغاوت کا شکار ہے، حکمران بے حسی کا شکار ہیں۔
لیاقت بلوچ نے افغانستان میں مسلسل دہشت گردی، مساجد اور عوامی اجتماعت کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 45 سال سے عالمی استعماری قوتیں غلطی اور ہار ماننے کی بجائے سازشوں اور دہشت گردی سے بے گناہ انسانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام افغان عوام کے ساتھ ہیں، حکومت پاکستان تذبذب سے باہر آئے اور افغان عوام کی فتح تسلیم کرے اور پشت بان بنے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت امریکی سازشوں اور مفاداتی جال کے چکرمیں نہ آئے، امریکہ ہمیشہ اپنے مفادات کو ترجیح دیتا ہے اور دوستوں کو ہی عبرت بنا دیتا ہے، امریکی قیادت سے ملاقاتیں اور ٹیلی فون کا لز کا پاکستان کو پہلے بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا لپ بدلتی صورت حال میں حکومت تنہا ہے، بڑے چیلنجز آزاد ، خود مختار اقوام کی حیثیت سے جرات مندانہ اقدامات کے لئے قومی متفقہ پالیسی اور ایکشن پلان بنایا جائے ، قومی قیادت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ بڑا خطرہ ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان حکومت عملاً ہر محاذ پر ناکام ہے، ہرموڑ پر عوام کو دھوکہ اور نئے زخم لگائے جا رہے ہیں، حکومت کا سب سے بڑا جرم اور ناکامی احتساب کو متنازع بنانااور کرپٹ مافیا کا تحفظ ہے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں آرڈیننس کے ذریعے متنازع ترامیم سے نیب اور احتساب کو دفن کر دیا گیا، حکومت آرڈیننس واپس لے اور پانامہ، پینڈورا پیپرز ،قرضے معاف کرانے والوں، میگا سکینڈلز کے احتساب کے لئے شفاف اور غیرجانبدارانہ نظام لانے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پیج پر لایا جائے قومی مطالبہ احتساب سب کا ہے۔
Comments are closed.