قومی اسمبلی میں وزرا کے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات پیش کردی گئیں۔
ایوان سے وزرا کی غیر حاضری اور عدم توجہ پر ڈپٹی اسپیکر نے برہمی کا اظہار کیا، اجلاس کی کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران بتایا گیا کہ غیر ملکی مہمانوں کے پروٹوکول اسکواڈ کیلئے 8 نئی گاڑیاں خریدی گئی ہیں۔
غیر ملکی مہمانوں کے پروٹوکول کیلئے 5 کروڑ 73 لاکھ 26 ہزار روپے مالیت کی گاڑیاں خریدی ہیں، 25 وفاقی وزرا، وزرائے مملکت نے 2022 میں غیر ملکی دورے کیے۔
ان غیر ملکی دوروں پر 6 کروڑ 52 لاکھ سے زائد خرچ کیے، سب سے زیادہ اخراجات وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل کے بیرون ملک دوروں پر 1 کروڑ 4 لاکھ 20 ہزار روپے خرچ آئے۔
اسحاق ڈار کے غیر ملکی دوروں پر 24 لاکھ 91 ہزار، مفتاح اسماعیل کے غیر ملکی دوروں پر 45 لاکھ، مریم اورنگزیب کے غیر ملکی دورے پر 6 لاکھ 49 ہزارخرچ آئے جبکہ شیری رحمان کے غیر ملکی دوروں پر 49 لاکھ 17 ہزار 454 روپے خرچ ہوئے۔
اس پر غوث بخش مہر نے کہا کہ ہمارا ملک شدید مالی مشکلات سے گزر رہا ہے اور وزرا غیر ملکی دوروں پر کتنی رقم خرچ کرچکے ہیں، یہ کیا نان سینس ہے۔
ڈپٹی اسپیکر نے معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔
Comments are closed.