قومی اسمبلی اجلاس میں سرکاری اداروں سے 16 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کے خلاف قرارداد کے معاملے پر گرما گرمی ہوگئی۔
پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے ایوان میں قرارداد پیش کرنے کی اجازت دینے کی استدعا کی۔
وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے قرارداد پیش کرنے کی مخالفت کی اور کہا کہ یہ معاملہ عدالت میں ہے، یہاں نہ اٹھایا جائے تو اچھا ہے۔
اس پر سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ عدالت کی جانب سے فیصلہ آچکا ہے، ایوان میں اس معاملے پر بات کی جا سکتی ہے۔
سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ 16 ہزار افراد کو اچانک ملازمت سے فارغ کر دیا گیا، یہ سب لوگ 90 کی دہائی سے کام کررہے تھے، لوگوں کو اس طرح بے روزگار کرنا ٹھیک نہیں۔
اس پر وفاقی وزیر شیریں مزاری نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو شرم ہونی چاہیے، انہوں نے ملازمین کو نکالا تھا، خواجہ آصف کچھ تو شرم و حیا کریں، اس وقت یہ کہاں تھے، جب ان لوگوں کو نکالا جارہا تھا۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وفاقی وزیر شیریں مزاری کے الفاظ کو قابل مذمت قرار دیا۔
Comments are closed.