امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے سودی نظام سے بغاوت کا اعلان کردیا۔
لاہور میں تقریب سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سود خور بیٹھے ہیں، سودی نظام نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوام پیپلز پارٹی کی حکومت کے کالے بلدیاتی قانون کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکومت نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں ایک بار پھر 3 روپے فی لٹر اضافہ کر دیا، مہنگائی کے مارے عوام بےحال ہو چکے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایٹمی پاور والا ملک آج کشکول لے کر بھیک مانگ رہا ہے، مانگے تانگے کی حکومت چلنے کے قابل نہیں رہی ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ ملک میں پلس مائنس کی کوئی گنجائش نہیں، تمام مسائل کا حل یہی ہے کہ عمران خان گھر چلے جائیں اور نئے انتخابات ہوں۔
انہوں نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہتے تھے کہ ہمارے پاس معیشت کے سقراط موجود ہیں، یہ لوگ پرانے پرزے نئی مشین میں فٹ کرکے چلارہے ہیں۔
تقریب سے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل منصفانہ تقسیم نہیں ہوئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کرپٹ مافیاز کے ہاتھوں پاکستان مشکلات سے دو چار ہوگیا، تمام بحرانوں کا واحد حل قرآن و سنت کی بالادستی میں ہے۔
Comments are closed.