بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

قلندرز کی یونائیٹڈ کو شکست، گلیڈی ایٹرز کی پلے آف میں جانے کی امیدیں برقرار

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 27ویں میچ میں لاہور قلندرز نے یک طرفہ مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پلے آف میں پہنچنے کی امیدیں بھی برقرار ہیں۔ 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 198 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بناسکی۔

لاہور قلندرز کے بولرز نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 66 رنز کی فتح سے ہمکنار کروایا۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیام ڈاسن 31، دانش عزیز 30 اور رحمان اللّٰہ گرباز 20 رنز کی اننگز کھیل سکے جبکہ ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ 

قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، زمان خان، حارث رؤف اور راشد خان نے دو دو وکٹیں لیں جبکہ ڈیوڈ ویسا ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ 

اس سے قبل قلندرز نے ہیری بروکس کی سنچری اور فخر زمان کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز 6 وکٹوں کے نقصان پر 197 میں رنز بنائے۔ 

ہوم ٹیم کو ابتدا میں ہی فل سالٹ، محمد حفیظ اور کامران غلام کی شکل میں 12 کے مجموعے تک 3 وکٹوں سے محروم ہونا پڑا۔ 

 اس کے بعد ہیری بروکس اور فخر زمان نے یونائیٹڈ کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی، دونوں نے 101 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکال کر بڑے اسکور کی جانب گامزن کردیا تھا۔ 

اس اسکور پر فخر زمان آؤٹ ہوئے جنہوں نے 41 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ 

اس کے بعد آنے والے بلے بازوں نے ہیری بروکس کا ساتھ دیا جو پہلے سے ہی یونائیٹڈ کے بولرز پر لاٹھی چارج میں مصروف تھے۔ 

بروکس نے 10 چوکوں اور 5 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 49 گیندوں پر 102 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ 

علاوہ ازیں سابق کپتان سہیل اختر نے 15 اور ڈیوڈ ویسا نے 17 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف 3 وکٹیں لے کر کامیاب بولر ٹھہرے، جبکہ ظاہر خان اور لیام ڈاسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ 

پوائنٹس ٹیبل:

اس جیت کے ساتھ ہی لاہور قلندرز کی ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل پر 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن مستحکم کرلی جبکہ اس کا ایک میچ باقی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 8 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے جبکہ اس کا بھی ایک میچ باقی ہے۔

دوسری جانب خراب رن اوسط رکھنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے، تاہم اسے فائنل فور میں جگہ بنانے کے لیے اگلے میچ میں ملتان سلطانز کو نہ صرف بڑے مارج سے ہرانا پڑے گا بلکہ اسے پشاور زلمی کے ساتھ اسلام آباد یونائیٹڈ کی شکست کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 

ٹاس: 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں لاہور قلندز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ اچھا اسکور بنائیں۔

راشد خان کی غیر موجودگی سے متعلق کپتان لاہور قلندرز کا کہنا تھا کہ راشد نمبر ون بولر ہیں، انہیں مس کریں گے۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان آصف علی کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ کم اسکور پر حریف ٹیم کو روکیں۔ 

اپنی کپتانی سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کپتانی کرنے سے کچھ نہ کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔ 

گزشتہ میچ:

ایونٹ کے گزشتہ میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے شکست دی تھی۔ 

پلیئنگ الیونز:

لاہور قلندرز کی ٹیم میں عبداللہ شفیق کی جگہ پر سہیل اختر کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں محمد وسیم جونیئر کی واپسی ہوئی۔ 

شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترنے والی لاہور قلندرز میں فخر زمان، سہیل اختر، کامران غلام، محمد حفیظ، فل سالٹ، ہیری بروک، ڈیوڈ ویسا، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل تھی۔ 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی آج بھی آصف علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں رحمان اللّٰہ گرباز، مبشر خان، دانش عزیز، لیام ڈاسن، آصف علی، اعظم خان، فہیم اشرف، مرچنٹ ڈی لینگے، محمد وسیم، وقاص مقصود اور ظاہر خان شامل تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.