بدھ 10؍ ربیع الاوّل 1445ھ27؍ستمبر 2023ء

قرآن پاک تصحیح شدہ ترجمہ کیس، نگران وزیراعظم، وزیراعلی پنجاب لاہور ہائی کورٹ طلب

 لاہور: ہائیکورٹ نے قرآن پاک کے تصحیح شدہ ترجمہ سے متعلق کیس میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کو 16 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں قرآن پاک کی تصحیح شدہ ترجمہ سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس شجاعت علی خان نے کی۔عدالت نے نگران وزیراعظم کو 16 اکتوبر کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے نگران وزیراعلی پنجاب کو بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ 8 ماہ سے وفاقی حکومت کی رپورٹ نہیں آئی۔

وفاق کے وکیل نے کہا کہ ہم رپورٹس جمع کروا دیتے ہیں عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں سیر کرنے آئے ہیں، کیوں رپورٹ جمع نہیں ہوئی ؟ یہ کیس نہ آپ کا ہے نہ عدالت کا یہ ہم سب کا ہے۔

جسٹس شجاعت علی خان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پھر ملک کے چیف ایگزیکٹو کو بلا لیتے ہیں، نگران وزیراعظم آ کر خود جواب دے دیں، لگتا ہے نگران وزیراعظم کے سامنے معاملہ رکھا ہی نہیں گیا۔

وفاق کے وکیل کی جانب سے مزید مہلت کی استدعا پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ سنجیدہ ہوتے تو ہمیں کوئی رپورٹ لازمی جمع کرواتے، نگران وزیراعظم پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضح کریں۔

You might also like

Comments are closed.