وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع کے عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، انہوں نے اپنے کاندھوں پر اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھائی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آج شمالی وزیرستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔
قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا اور علاقے کے پہلے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم نے دہشت گردی کےخلاف جنگ میں ہر ممکن تعاون پر قبائلی عمائدین کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت سماجی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی، ہم ان کے مقروض ہیں، ہم ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ترجیح پورے پاکستان کی طرح مقامی آبادی کے لیے شہری سہولیات کو یقینی بنانا ہے۔
قبائلی عمائدین نے وزیراعظم کو پاکستان کے امن، استحکام اورخوشحالی کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں پہلے بھی شمالی وزیرستان آچکا ہوں، مجھے یہاں پر پھر ایک بار آکر انتہائی خوشی ہورہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جب دہشت گردی عروج پر تھی، آپ نے اپنے کاندھوں پر اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھائیں، آپ نے بچوں، بزرگوں ،ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی بڑی گراں قدر قربانیاں دیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر میں بھی آپ کے آباؤ اجداد اور بزرگوں نے بہت بڑی جنگ لڑی، آپ کی قربانیاں تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔
Comments are closed.