فرانس میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام 76ویں یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر سفارتخانہ میں پرچم کشائی کی ایک شاندار تقریب ہوئی۔
سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے کمیونٹی کے معزز ممبران، سفارتخانے کے اہلکاروں، دوستوں اور اہل خانہ سمیت بچوں کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی میں پاکستانی پرچم کو قومی ترانے کی دھن پر بلند کیا۔
اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
یوم آزادی پر ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے سفیر نے کہا کہ ایسے مواقع خوشگوار ہوتے ہیں کیونکہ یہ ماضی، حال اور مستقبل کے درمیان ربط فراہم کرتے ہیں اور اس طرح اجتماعی قومی عکاسی کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
یہ قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت انگیز قیادت اور انتھک کوششیں تھیں جو مسلمانوں کےلیے ایک آزاد وطن کے قیام کا باعث بنی، سفیر نے بابائے قوم اور تحریک آزادی کے دیگر رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے قیام پاکستان کےلیے بےپناہ قربانیاں دینے والے بزرگوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کا یہ جذبہ آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہتا ہے جنہوں نے پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو ناقابل تسخیر اور دنیا کا ایک بہترین ملک بنایا ہے۔
پاکستانی مردوں اور خواتین کی زبردست صلاحیتوں اور محنت کو سراہتے ہوئے سفیر نے کہا کہ کس طرح بڑے چیلنجز اور وسائل کی کمی کے باوجود نوجوان قوم نے تمام شعبوں میں شاندار پیشرفت کی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان اقوام عالم میں ایک اہم مقام رکھتا ہے، علاقائی اور عالمی امن اور ترقی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان کے فرانس سمیت دنیا بھر کے دوستوں اور شراکت داروں کے وسیع حلقے کے ساتھ قریبی تعاون پر مبنی تعلقات ہیں۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے اس بات پر زور دیا کہ جشن آزادی کے موقع پر یہ بھی ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خودارادیت اور غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی کے حصول کےلیے اپنے پختہ عزم اور ہر طرح کی حمایت کا اعادہ کریں۔
انکا کہنا تھا آگے بڑھتے ہوئے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے ساتھ، ایک مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان کے لیے ہماری آنے والی نسلوں کو ان کی امنگوں کا مکمل ادراک کرنا چاہیے۔
سفیر نے زور دے کر کہا کہ پاکستان اللّٰہ کا تحفہ ہے جس کےلیے ہم شکر گزار ہیں اور اس اعتماد کی پوری ذمہ داری سے حفاظت کریں گے۔ اس سلسلے میں سفیر نے سمندر پار پاکستانیوں کے کردار اور خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی پاک فرانس تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مادر وطن کا نام روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے قومی ترقی میں خواتین اور نوجوانوں کے کردار کی بھی تعریف کی۔اس موقع پر یوم آزادی کے رنگا رنگ پروگرام میں بچوں کی طرف سے قومی ترانے، تقاریر اور دلکش ٹیبلو شامل تھے۔ مہمان قومی ترانوں کے بعد روایتی پاکستانی کھانوں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔
سفیر نے فرانس میں مقیم پاکستانی شاعروں اور مصنفین کو اُنکی حال ہی میں اردو اور پنجابی میں شائع ہونے والی کُتب کے اعتراف میں تعریفی خطوط بھی پیش کیے۔
Comments are closed.