افریقہ کپ آف نیشنز کی فاتح سینیگال نے فیفا ورلڈکپ 2022 کے راؤنڈ آف 16 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سینیگال اور ایکواڈور کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔
دونوں ٹیموں نے ابتدا میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم ایک دوسرے کے دفاع کو توڑ کر گول کرنے میں ناکام رہے۔
سینیگال کو پہلی کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب 44ویں منٹ میں ملنے والے پنالٹی اسٹروک کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسماعیلہ سر نے میچ کا پہلا گول کردیا۔
پہلے ہاف کا اختتام سینیگال کی 0-1 کی برتری کے ساتھ ہی ہوا تاہم دوسرے ہاف میں میچ اس وقت مزید دلچسپ ہوا جب ایکواڈور کے موئسس کائسیڈو نے 67ویں منٹ میں گول کرکے اسکور 1-1 سے برابر کردیا۔
ایکواڈور کی خوشی اور سینیگال کا یہ غم زیادہ دیر برقرار نہ رہا جہاں افریقی ٹیم کے کپتان کلیڈو کولیبلی نے 70ویں منٹ میں گول کر کے دوبارہ برتری حاصل کرلی۔
1-2 کی یہ برتری میچ ختم ہونے کی سیٹی بجنے تک برقرار رہی جس کے ساتھ ہی سینیگال نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔
Comments are closed.