فرانس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما یاسر قدیر نے کہا ہے کہ مرکزی رہنما فواد چوہدری کو عمران خان سے وفاداری نبھانے کی سزا دی جا رہی ہے۔
یہ بات پی ٹی آئی فرانس کے سینئر رہنما و سابق مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات یاسر قدیر نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
یاسر قدیر نے فواد چوہدری کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کتنے ظلم اور ناانصافی کی بات ہے کہ عمران خان سے وفاداری نبھانے کی سزا دی جا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری ہمیشہ حق اور سچ کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کے غیر قانونی و غلط کاموں کاموں کو کھل کر عوام کے سامنے بےنقاب کیا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسی لیے فواد چوہدری کی زبان بندی کے لیے پی ڈی ایم حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو بطور مہرہ بنا کر فواد چوہدری کے خلاف بے بنیاد مقدمہ قائم کیا تاکہ انہیں حراست میں رکھا جا سکے۔
یاسر قدیر نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانی فواد چوہدری کی جمہوریت اور انسانی حقوق کےلیے دی گئی قربانیوں اور عمران خان کا ساتھ دینے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ فواد چوہدری اس وقت تمام پارٹی کارکنان اور عوام کےلیے ایک عزم و استقلال کی مثال ہیں۔
Comments are closed.