وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر بلال اظہر کیانی نے سابق وزیر اطلاعات کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری نے کالا کوٹ پہنا تو انصاف بیچا، ترجمان بنے تو ترجمانی بیچی، پارٹیاں بدلنا فواد چوہدری کا وتیرہ ہے۔
شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کی اپنے حلقے میں کارکردگی بھی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور اس کے ترجمان جھوٹ بولتے ہیں، عمران خان کے کرائے کے ترجمانوں کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ عمران خان چار سال میں ملک تباہ کر کے گئے، جب ہم نے 2018 میں حکومت چھوڑی تو معاشی ترقی 6 فیصد تھی، عمران خان جاتے جاتے بچی کچھی معیشت کو آگ لگا کر گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران کو معلوم نہ تھا وہ نہیں رہیں گے، آج عمران خان کے کرائے کے ترجمان ہمیں سبق دیتے ہیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کرکے معاشی مشکلات پیدا کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں قرضوں اور غربت میں بے پناہ اضافہ ہوا، انہوں نے ملکی معیشت کو تباہ حال کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کو ہم نے دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، معیشت کو واپس ترقی پر ڈالیں گے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔
Comments are closed.