وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے آزاد کشمیر میں شکست پر مریم نواز اور بلاول بھٹو سے پارٹی عہدوں سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کردیا۔
وفاقی وزیر آزاد کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو میں تھوڑی بہت شرم ہے تو وہ خود ہی مستعفی ہوجائیں۔
انہوں نے اس دوران آزاد کشمیر الیکشن میں اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں کی شکست کی وجوہات پر اظہار خیال کیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن میں نواز شریف کی را ایجنٹ حمد اللّٰہ محب سے ملاقات کا نتیجہ سامنے آیا ہے، ن لیگ کو نواز شریف کو نوٹس دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے بیانیے کی وجہ سے ن لیگ کو اتنی بری شکست ہوئی، نواز شریف کو پاکستان دشمن سے ملاقات کا جواب ملا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کی وجہ سے پیپلز پارٹی سکڑ کر رہ گئی ہے، جس طرح یہ سندھ میں حکومت کررہے ہیں یہ ان کا آخری دور ہے۔
انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کو ’ کھسیانی بلی کھمبا نوچے‘ کے مترادف قرار دیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کو کشمیر الیکشن میں تاریخی کامیابی ملی ہے، اتنی بڑی کامیابی سے دھاندلی کا بیانیہ اپنی موت آپ مرگیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تھوڑی بہت شرم ہے تو بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کو آزاد کشمیر میں اپنی پارٹیوں کی شکست کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ عمران خان مقبوضہ کشمیر میں بھی میں مقبول ترین رہنما ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے بہت ہی اینٹی کشمیر بیانیے کو آگے بڑھایا، حمد اللّٰہ محب سے ملاقات نہ کی ہوتی تو ن لیگ کی نشستیں پی پی کے برابر ہوتیں۔
Comments are closed.