جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

فضل الرحمان کا کسی بھی پارٹی کے اندرونی معاملات پر تبصرے سے گریز

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کسی بھی پارٹی کے اندرونی معاملات پر تبصروں نہیں کروں گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ن لیگ سے انتخابی اتحاد کے بعد کمیٹیاں بنادی گئی ہیں، ہم خیبر پختونخوا میں ن لیگ سے تعاون کریں گے جبکہ وہ ہم سے پنجاب میں تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دو صوبے بد امنی کی لپیٹ میں ہیں، برابر کا ماحول بنایا جائے، ان کی جماعت انتخابات میں جانے کو ہر وقت تیار ہے۔

جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی الیکشن سے پتا چل گیا یہ کوئی پارٹی نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو بازو مروڑ کر پی ٹی آئی میں شامل کیا گیا تھا، غبارے میں جو ہوا بھری تھی وہ نکل گئی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کےلیے تیار ہیں مگر ہمیں ماحول دیا جائے، دو صوبے اس وقت بد امنی کی لپیٹ میں ہیں، نوشہرہ میں جے یو آئی کے 3 لوگوں کو شہید کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کسی اور پارٹی کے اندرونی معاملے پر تبصرہ نہیں کروں گا، کسی کے لیے راہیں ہموار نہیں کی جاسکتیں، راہیں تو عوام کے اعتماد، منشور اور سیاسی موقف سے ہموار ہوتی ہیں۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ن لیگ سے انتخابی اتحاد ہوگیا ہے، کمیٹیاں بنائی ہیں، ہم کے پی اور ن لیگ پنجاب میں تعاون کرےگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ہم نے تحریک مل کر چلائی ہے، ہم نواز شریف کی پارٹی کے ساتھ تعلق برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ہم سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ڈی آئی خان، ٹانک اور لکی مروت میں کوئی پولیس نہیں، اس بدامنی کی صورتحال میں کیا انتخابات ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج وفاق المدارس کا اجلاس تھا، مختلف امور پر بات چیت ہوئی، مدارس کے نظام میں رکاوٹیں دور ہونی چاہئیں، مدارس کی رجسٹریشن کےلئے قانون ہونا چاہیے، کل کنونشن سینٹر میں بڑا اجتماع ہوگا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.