بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

فریال تالپور کی اسمبلی رکنیت بحال ‎‎

سندھ ہائیکورٹ کے سکھر بینچ نے فریال تالپور اور گیان چند ایسرانی کی سندھ اسمبلی رکنیت بحال کر دی، عدالت نے آوارہ کتوں کی بہتات اور کاٹنے کے واقعات کا کیس نمٹا دیا۔

سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے کتے کے کاٹنے کے واقعات پر ایم پی ایز کی معطلی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

کیس کی سماعت کے دوران جسٹس آفتاب گورڑ نے ریمارکس دیئے کہ یہ لوگ کہتے ہیں کتے کو مارنا گناہ ہے لیکن اگر کتا لوگوں کو کاٹے تو یہ ثواب ہے؟

عدالت نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو ذمہ داری اٹھانے کے لئے تحریری بیان دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اب حکومت کو کتے کے کاٹنے سے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو معاوضہ دینا پڑے گا کسی کی آنکھ ضائع ہوئی یا کوئی زخمی ہوا تو اس کا بھی نقصان سندھ حکومت کو اداکرنا ہوگا۔

سماعت کے موقع پر فاروق ایچ نائیک سندھ حکومت کی جانب سے پیش ہوئے جبکہ سیکریٹری ہیلتھ ،سیکریٹری لوکل گورنمنٹ و دیگرافسران بھی پیش ہوئے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا  کہ کتوں کے کاٹنے پر ذمہ دار ارکان اسمبلی نہیں، لوکل گورنمنٹ ہے، عدالت نے کہا کہ کوتاہی برتنے والے افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔

جسٹس آفتاب احمد گورڑ نے ریمارکس دیئے کہ انہیں دباؤ میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، ڈرایا جارہا ہے، تنخواہیں بند کرنے کی دھمکی دی جارہی ہے، سندھ حکومت کے ماتحت نہیں ہیں، دھمکیاں نہ دی جائیں، کچھ فیصلے زمینی حقائق کو دیکھ کر کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے ریمارکس میں کہا کہ ایک منسٹر کہتا ہے جج کو راکٹ لانچر لگائیں گے،میں روز لاڑکانہ سےگزرتا ہوں،مجھے راکٹ لانچر لگاؤ۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایڈوکیٹ فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ جسٹس آفتاب کو ملنے والی دھمکیوں پر ان سے معافی مانگی ہے ۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.