پاکستان مسلم لیگ (ن) کو یورپ میں مزید متحرک کرنے کےلیے فرانس میں مسلم لیگ (ن) انٹرنیشنل اوورسیز کے چیف کوآرڈینیٹر و سینئر نائب صدر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک کے اعزاز میں ن لیگ فرانس کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام کے مہمان خصوصی چیف کوآرڈینیٹر اوورسیز بیرسٹر امجد ملک تھے۔ پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور تنظیمی امور اور چیپٹر کے متعلق مشاورت کی گئی اور اوورسیز کنونشن کی بابت تجاویز حاصل کی گئیں۔
اس موقع پر چیئرمین مسلم لیگ (ن) راجہ اصغر علی، سرپرست سردار ظہور اقبال اور سرپرست اعلیٰ طلعت چوہان نے بیرسٹر امجد ملک کا بھرپور استقبال کیا۔
چیئرمین مسلم لیگ (ن) فرانس راجہ اصغر علی نے کہا کہ 34 ملکوں کی اوورسیز تنظیموں کو ایک لڑی میں پرو کر اسحاق ڈار اور امجد ملک نے ایک کارنامہ سر انجام دیا ہے۔
سرپرست سردار ظہور اقبال نے بیرسٹر امجد ملک کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں ورکرز کی آواز قرار دیا۔
سرپرست اعلی طلعت چوہان نے مہمان گرامی کو فرانس میں خوش آمدید کہا اور انہیں سینئر نائب صدر انٹرنیشنل افیئرز بننے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے اسحاق ڈار، نورالحسن تنویر اور بیرسٹر امجد ملک کی تنظیم نو کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) قائد محترم میاں نواز شریف کے بیانیے پر ایک چھتری تلے متفق اور متحد ہیں۔
طلعت چوہان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) فرانس نے قائد مسلم لیگ (ن) کو فرانس میں کنونشن کرنے کی باضابطہ دعوت دی ہے۔
چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ قربانی اور حق پرستی کا درس دیتا ہے۔ فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ باجوڑ میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان میں جمہوریت اور ترقی کے خلاف ہے جس کی قطعاً اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ ذمہ داران کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزادی جانی چاہیے۔
چیف کوآرڈینیٹر اوورسیز بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ ایسے موقع پر جب انتخابات قریب ہیں اس وقت اوورسیز میں پارٹی کو منظم اور فعال کرنا انکی اولین ترجیح ہے۔
انکا کہنا تھا کہ خواتین، سوشل میڈیا اور تاجر ونگ بنانا اولین ترجیح ہے، سوشل میڈیا پر گالم گلوچ کی سیاست کو مسترد کیا جائے اور سچ پر مبنی معلومات کے ذریعے مخالف کا مقابلہ کیا جائے۔ یوتھ کو پوری دنیا میں ایک چھتری کے نیچے لا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک سے باہر پاکستان کے سفیر ہیں۔ اگلا دور تجارت کا ہے، تاجر برادری جی ایس پی پلس کے ذریعے پاکستان کی ون ونڈو سرمایہ کاری کی پالیسی کی حمایت کریں۔
انکا کہنا تھا کہ ہماری تاجر برادری کو پاکستانی مصنوعات کو مقامی یورپین مارکیٹ تک رسائی کےلیے تجاویز دینی چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پاکستانی تاجروں کی پاکستانی مصنوعات کو مقامی مارکیٹ تک رسائی کےلیے حوصلہ افزائی کرے گی۔
بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ساتھ حکومت سنبھالی تو پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا۔ مشکل ترین حالات کے باوجو پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے کےلیے مشکل فیصلے کیے اور آج ملک مشکل حالات سے گزر چکا ہے۔ انشااللّٰہ آگے ترقی کا راستہ ہے۔
انکا کہنا تھا کہ فرانس اور پاکستان کے دفاعی اور سفارتی تعلقات تاریخی ہیں۔ دونوں ممالک دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کی ہے۔ پچھلی حکومت میں گرین زون کا اجراء، پنجاب اوورسیز کمیشن کا قیام، او پی ایف کی تنظیم نو ایک بڑا کارنامہ تھا۔
بیرسٹر امجد ملک کا کہنا تھا کہ اگلی حکومت ن لیگ کی ہوئی تو قبضہ کے خاتمے کےلیے اوورسیز کی عدالتیں اور پارلیمان میں انشااللّٰہ اوورسیز کو سیٹیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی نے پاکستان تبدیل کردیا ہے، ایک پیج تبدیلی کا تجربہ ناکام ہوگیا ہے۔ اب مل کر ہی پاکستان کی خدمت کریں گے۔
بیرسٹر امجد ملک نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان بنانے والی جماعت ہے اور یہی سیاسی جماعت ملک کو تمام مشکلات سے نکال کر معاشی طور پر مضبوط بنائے گی۔ مسلم لیگ کے دور میں ہی ملک میں معاشی سرگرمیاں بڑھی ہیں اور ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہمارے کارکن ہمارا اثاثہ ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں بھی پارٹی کا ہمیشہ ساتھ دیا ہے۔ آج ان سب عہدیراران کو سراہا ہے۔
شرکاء میں سرپرست سردار ظہور اقبال، چیئرمین راجہ علی اصغر، سینئر نائب صدر شمروز الہٰی گھمن، نائب صدر چوہدری محمد حسین، یوتھ ونگ کے صدر شیف خان اصغر، میر قدیر، امتیاز ڈار، عبدالشکور، آفتاب گِلو، شیخ طارق جاوید، خواتین ونگ کی صدر نیّر سلطانہ، عرفان چاند، ملک انعام، راجہ اشفاق حسین، سبط مزمل اور طلعت محمود چوہان نے شرکت کی۔
بعدازاں سابق صدور اختر بٹ اور ریاض پاپا اور سابق سیکریٹری جنرل یوسف خان سمیت تمام عہدیداران کو اعزازی شیلڈ بھی دی گئیں۔
Comments are closed.