پاکستان کے میڈیکل و ڈینٹل کالج میں منتقلی اور داخلے کے خواہاں وہ طلبا جنہوں نے کسی غیر ملکی ادارے میں میڈیکل اور ڈینٹل پروگرام مکمل کیا ان کیلئے نیشنل ایکویلنس امتحان منعقد کیا گیا۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے 23 مئی کو نیشنل ایکویلنس امتحان (NEB) کا انعقاد کیا۔
یہ ٹیسٹ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی (آر ایم یو) میں نو منتخب کونسل کے فیصلے کے مطابق لیا گیا۔
امتحان کے لیے مقررہ امیدواروں کی کل تعداد 512 تھی جن میں سے 370 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔
جامع جائزہ اور تمام کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد نتیجہ آر ایم یو کی طرف سے مرتب اور تیار کیا گیا۔
پی ایم اینڈ ڈی سی نے NEB کے نتیجے کا اعلان کیا اور اسے اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا۔
طلباء اپنا نتیجہ دیکھنے کے لیے ویب سائٹ www.pmdc.pk پر جاسکتے ہیں۔
صدر پی ایم اینڈ ڈی سی نے بتایا کہ کونسل نے افغانستان میں زیر تعلیم پاکستانی طالبات کو خصوصی رعایت دی ہے جن کی تعلیم پر افغان حکومت نے پابندی عائد کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ این ای بی کا امتحان سال میں دو بار ان طلباء کے علم، طبی مہارتوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقد کیا جائے گا جنہوں نے جزوی طور پر کسی غیر ملکی ادارے میں میڈیکل اور ڈینٹل پروگرام مکمل کرلیا ہے اور وہ پاکستان کے کسی میڈیکل و ڈینٹل کالج میں منتقلی اور داخلہ کے خواہاں ہیں۔
صدر پی ایم اینڈ ڈی سی نے کہا کہ کونسل پاکستان بھر میں بہترین معیار برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ WFME (ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن) کے ساتھ ایکریڈیٹیشن ہماری اولین ترجیح ہے اور اسے تیز رفتاری سے شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں تمام کالجوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ WFME کے ایکریڈیشن کے معیار کو پورا کرنے کے لیے ایک ریسرچ سیل اور کوالٹی ایشورنس ڈپارٹمنٹ قائم کریں۔
Comments are closed.